انٹر ڈسٹرکٹ سکولز گرلز ہینڈ بال چیمپئن شپ 2025-26 ،گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسو  ہائیر سیکنڈری سکول گلگشت چیمپئن قرار

10

ملتان، 27 نومبر (اے پی پی ):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان کے زیرِ اہتمام انٹر ڈسٹرکٹ سکولز گرلز ہینڈ بال چیمپئن شپ 2025-26 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ مقابلے میں گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری سکول گلگشت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا۔

گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 نواں شہر نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ گورنمنٹ گرلز جونیئر ماڈل سکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 2 شمس آباد نے تیسرے نمبر پر رہتے ہوئے ٹورنامنٹ کا اختتام کیا۔

ترجمان بی آئی ایس ای ملتان کے مطابق طالبات کی جسمانی نشوونما، صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور بین الاضلاع کھیلوں میں شمولیت بڑھانے کے لیے ایسے مقابلوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔