لاہور،06نومبر (اے پی پی): اسلامی جمہوریہ ایران کے صحافیوں کے چار رکنی وفد نے جمعرات کے روز مفکرِ پاکستان، شاعرِ مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی،فاتحہ خوانی کی اور علامہ اقبال کی روح کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔مزار اقبال پر حاضری کے موقع پر پنجاب رینجرز کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی جبکہ وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ایرانی وفد کے ارکان نے مزارِ اقبال کی زیارت کے بعد مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اور کہا کہ علامہ اقبال کی فکر و فلسفہ امتِ مسلمہ کیلئے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔بعد ازاں ایرانی وفد نے تاریخی بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا،جہاں انہوں نے نوافل ادا کیے اور مسجد کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔معزز مہمانوں نے مغلیہ فنِ تعمیر کی عظمت و خوبصورتی کو سراہا اور یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا۔وفد میں شامل شخصیات میں احمد نوروزی وائس پریزیڈنٹ اسلامک ریپبلک آف ایران براڈکاسٹنگ (آئی آر آئی بی) و ہیڈ آف ورلڈ سروس،ڈاکٹر محمد نژاد، ہیڈ آف انٹرنیشنل افیئرز،مرتضی شمسی ہیڈ آف سحر نیٹ ورک اور علی محمدی،ہیڈ آف سیستان و بلوچستان سینٹر شامل تھے۔پاکستان سے مجید ہاشمی سمیت ہیڈ آف آئی آر آئی بی، شاہ قاسمی،آفیسر وزارت خارجہ ایران اور سید علی رضوی،نمائندہ خصوصی ایران ٹی وی بھی ساتھ تھے۔











