وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی و ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات

10

لاہور، 06 نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے وزیرآباد اور میانوالی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، علاقائی ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، خصوصاً گرین بس پراجیکٹ، ستھرا پنجاب پروگرام اور ای بز پورٹل کے اجراء کو سراہا۔ پارلیمنٹرینز نے وزیرآباد اور میانوالی میں گرین بس پراجیکٹ کے آغاز پر وزیراعلیٰ پنجاب کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدامات صوبے میں ترقی اور مساوی سہولتوں کی فراہمی کے عکاس ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی مسلم لیگ (ن) اور قائد محمد نواز شریف کے منشور کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ، فری میڈیسن پراجیکٹ اور دیگر عوامی منصوبے صوبے میں ترقی و خوشحالی کے لیے حکومت کی سنجیدہ کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار 30 لاکھ افراد کو 10 ہزار روپے کے پے آرڈرز گھر کی دہلیز پر پہنچائے گئے ہیں جبکہ 15 لاکھ افراد کو راشن کارڈ کے ذریعے تین ہزار روپے ماہانہ فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت روزِ اول سے مخلوقِ خدا کی خدمت کے عزم پر کاربند ہے اور یہ سفر جاری رہے گا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے کسانوں کو مایوس نہیں کیا جائے گا اور حکومت ان کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح و بہبود کے کئی بڑے منصوبے سامنے آئیں گے۔

پارلیمنٹرینز نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اعلان سے پہلے عمل کی قائل ہیں، ان کی شفافیت، میرٹ پالیسی اور عوامی خدمت نے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی اور وزیرآباد میں گرین بس پراجیکٹس کا آغاز وزیراعلیٰ کے مساوی ترقی کے وژن کی واضح جھلک ہے۔