اسلام آباد ، 26 نومبر (اے پی پی ): ایران کی سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری علی اردشیر لاریجانی نے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور قریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے ہر کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، جب بھی پاکستان کہے گا تعاون کریں گے، پاکستان نے مشکل وقت میں ایران کا ساتھ دیا، پاکستانی قوم اور حکومت کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
علی لاریجانی نے کہا کہ پاکستان کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے، ایران پاکستان کی ہر تعمیری پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے، ایران اور پاکستان کا باہمی تعاون درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، دونوں ممالک کا مشترکہ عزم ہے کہ خطے میں امن قائم رہے۔











