لاہور، 26 نومبر (اے پی پی): خواتین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز لاہور کے زیراہتمام سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، جس کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کمشنر لاہور مریم خان نے فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ صدر خواتین چیمبر فلاحت عمران اور اراکین نے مہمان خصوصی کا پرجوش استقبال کیا۔ کمشنر لاہور مریم خان نے خواتین سپورٹس گالا کے شاندار انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی طالبات سے متعارف ہوئی۔ انہوں نے فرداً فردا ً تمام طالبات کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ خواتین اپنی قابلیت، صلاحیت اور ترقی آمادہ اذہان کی بنیاد پر ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کام سرانجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے اور زندہ، بیدار اور ترقی پسند معاشرے کی پہچان خواتین کے فعال کردار سے ہوتی ہے۔











