کوئٹہ، 05 نومبر (اے پی پی) : چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ دنیا میں پاکستانیوں کے راستے کھل رہے ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، نوجوانوں کو آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں مہارت سکھانے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، نوجوان آگے بڑھیں، ریاست ان کے پیچھے کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ اے میں اے آئی اور سائبر کرائم کے کورسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں کو اسکل ٹریننگ میں وفاق کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں وزیراعظم یوتھ پروگرام میں مزید توسیع کی جائے گی۔ رواں سال ان کا بلوچستان کا یہ چھٹا دورہ ہے، یہاں کے بچوں کے ٹیلنٹ اور قابلیت نے ان کو بہت متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کا فروغ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ حال ہی میں بلوچستان کے کئی بچوں نے اسٹارٹ اپ لون حاصل کیا۔ رواں سال نوجوانوں کو دو سو بلین زرعی قرضہ دیا جائے گا، نوجوان پوری نیت کے ساتھ ڈیلیور کریں۔ اس کے علاوہ بیس بلین کا بینچ مارک رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، ہمارے بچوں میں ٹیلنٹ کم نہیں، موقع دینے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے بچوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، یہی وزیراعظم یوتھ پروگرام ہے۔ پورے پاکستان میں نوجوان بچے استفادہ حاصل کریں، بلوچستان کے نوجوان بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ انہیں جس طرح کی تعاون اور مدد درکار ہے، وفاقی حکومت مہیا کرے گی، ہونہار اور قابل نوجوانوں کے پیچھے ریاست کھڑی ہوگی۔










