فیصل آباد، 05 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ریلوے کو برق رفتاری کے ساتھ جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے، پاکستان ریلوے کو جلد دنیا کی بہترین ریلوے بنائیں گے،ریلوے میں آٹھ ماہ کے عرصہ میں ریکارڈ کام ہوا ہے، ریل کے مسافروں اور شہریوں کو لاہور، راولپنڈی سمیت چار اسٹیشنز پر وائی فائی کی سہولت دے رہے ہیں جبکہ اس کا دائرہ جلد مزید وسیع بھی کیا جا ئے گا۔ وہ بدھ کے روز ریلوے سٹیشن فیصل آباد کی اپ گریڈیشن کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کل لاہور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ تھی جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے کہنے پر ریلوے میں جدت پر جو کام ہو رہاہے وہ سب دیکھ رہے ہیں،فیصل آباداسٹیشن کی تزئین و آرائش گوروں کے بنائے ہوئے اسٹیشن کے مطابق ہوئی ہے جس کیلئے سی ای او ریلوے،ڈی ایس کی محنت کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار میاں محمد ادریس نے اسٹیشن کی تزئین و آرائش میں تعاون کیا اللہ انہیں اس کااجر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں آٹھ ماہ کے عرصہ میں ریکارڈ کام ہوا ہے،آج فیصل آباد کل راولپنڈی کا افتتاح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شالیمارٹرین جدید سہولیات سے آراستہ اور بہترین صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ مکمل ڈیجیٹلائزٹرین ہے،نارووال کے چار سیکشن بھی جنوری تک مکمل ہوں گے،سیلاب کے دوران شور کورٹ سیکشن توڑا گیا جسے بحال کردیا گیاہے،یہاں پانچ چھ سو مسافر انتظار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی روہڑی کا پانچ سو میٹر کا سیکشن ہے اس پر کام شروع کر دیا ہے،یہ1861کا بنا ہوا ٹریک ہے،وزیر اعظم پاکستان نے اس کواپ گریڈیشن کیلئے چنا۔ اس کیلئے دو بلین کے فنڈز مختص کئے گئے جس کاجون میں سنگ بنیاد رکھیں گے،چاغی جہاں منرل ہیں پوری دنیا کاروبار کیلئے ٹوٹ پڑی ہے،وہاں 884 کلو میٹر ٹریک میں سے 400 کا نیا اور 484 کا اپ لفٹ ٹریک کیا جائے گا، اسی طرح لاہور سے راولپنڈی کو سنگل سے ڈبل ٹریک بنایا جارہا ہے جہاں 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹرینوں سے ہی سفر مختصر ہو گا۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کے14 سکولوں میں 3 سکول آؤٹ سورس ہوئے ہیں 3 ہونے جا رہے ہیں،ایک کراچی کا سکول ہے، دو لاہور کے اور مزید تین سکول آؤٹ سورس کرنے جا رہے ہیں جہاں معیاری تعلیم ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ہسپتالوں میں ان ڈور سو فیصد علاج مفت ہو گا۔حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ تین سو مسافروں کو لیجانے والا جہاز کا پائلٹ فائیو سٹار ہوٹل میں رہے اور ہمارے عملے کیلئے کوئی سہولت نہ ہو یہ نہیں ہوسکتا، ہم چھ ماہ میں دس مقامات پر ڈرائیورز و عملہ کیلئے بہترین ماحول دیں گے۔کارگو وین،لگج وین آؤٹ سورس کے حوالے سے اسی سال دس بلین کا فنانشل امپیکٹ آئے گا۔ بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ شکست کے زخم چاٹنے والا دشمن آرام سے نہیں بیٹھا،پاکستان کی خارجہ پالیسی اور فیلڈمارشل کی دھاک بیٹھی ہے،چائنا، امریکہ، روس بھی ساتھ کھڑا ہے، سنٹرل ایشا کی آپ نمائندگی کر رہے ہیں،دشمن نے بلوچستان اور کے پی کے میں پراکسی وار شروع کر رکھی ہے۔پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پورا پاکستان نظر آیا،جو پاکستان کو نہیں مانتا میں اس کو نہیں مانتا،پاکستانی قوم نے ملکر ہمیشہ دشمن کو شکست دی ہے آگے بھی دیں گے، سہولت کار بھی ہم ہی ہیں اپنے ہی گراتے ہیں نشمن پہ بجلیاں،چالیس ہزار دہشت گرد جن کو پی ٹی آئی بانی مانتا ہے ان چالیس ہزار لوگوں کو ہتھیاروں کے ساتھ لا کرکے پی کے میں بسایا گیا،لوکل حکومت کہتی ہے کہ یہ لوگ آپ کو کچھ نہیں کہتے ان پر حملہ نہ کریں، اگر یہ دہشت گرد فورسز پر حملہ کریں گے تو ہم یہ برداشت نہیں کریں گے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ کیا میرے قائد نے جلا وطنی اور عمر قید نہیں سہی،مگرکبھی اپنے شہید کو برا بھلا نہیں کہا لیکن اب ایک مخلوق ہے جو چاہتی ہے پاکستان میں انارکی ہو، دہشت گردی ہو اور ہم اقتدار میں آجائیں، کبھی کہتے ہیں کہ ہندوستان پاکستان کی جنگ میں پاکستان کو مار پڑے گی تو میں اقتدار میں آ جاؤں گا،یہ کیسی خواہش ہے؟کوئی بھی لیڈر شپ ہو پاکستان کی سالمیت پر سمجھوتہ کرنے والوں کو تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں ماں بہن بھائیوں کی آواز آپ کے کانوں میں نہیں پڑی،بنگلہ دیش آج پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگا رہا،اسی پاکستان میں پلے بڑھے ہیں اور اسی پر بولتے ہیں،جو پاکستان کے خلاف بولے گا اس کی زبان گودی سے کھینچ لیں گے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ ہندوستان کو پاکستان پہلے سے بھرپور جواب دے گا،افغانیوں نے بے وفائی کی، افغانیوں نے 1965 میں ساتھ مل کر پاکستان پر حملہ کیا، یہ سکوت ڈھاکہ پر جشن مناتے ہیں، انہوں نے چالیس سالہ بھائی چارہ اور خدمات کا اچھا صلہ دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے وزیر اعلیٰ پنجاب، بلوچستان کی طرف دیکھ لیں،آپ کے صوبہ میں جان و مال محفوظ نہیں،دہشت گرد کا کوئی دین اور ساتھی نہیں جہاں مفاد ہوگا وہیں جائے گا،اس وقت24 کے قریب گروہ افغانستان پر قابض ہیں کون کس کی سنے گا۔حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے ملازمین کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے کیونکہ جب ملازمین کے مسائل حل ہوں گے اور انہیں سہولیات ملیں گی تو وہ مزید بہتر انداز میں پرفارم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کوچز اور سٹیشنز کی حالت بہتر بنائی جارہی ہے،نئے ٹریکس بچھانے کے ساتھ ساتھ پرانے ٹریکس کو بہتر بنارہے ہیں، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے ملازمین کو سراہا جا ئے گا۔ انہوں نے فوجی جوانوں کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر ہم اپنے گھروں میں پرسکون طریقے سے زندگی بسر کررہے ہیں تو اس کا سہرا ہمارے ان شہیدوں کے سر ہے جو دہشت گردوں کے ساتھ لڑتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوامی فلاح کیلئے کئی اقدامات کررہی ہے جس کے جلد مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر و معروف صنعتکار میاں محمد ادریس، سابق ممبران قومی اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری، میاں عبدالمنان، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ، سابق نائب صدر و تاجر رہنما اسلم بھلی، ریلوے کے سی ای او عامر علی بلوچ، ڈی ایس ریلوے انعام اللہ مروت، سٹیشن ماسٹر فیصل آباد محمد ارشد اور دیگر حکام بڑی تعداد میں موجود تھے۔











