اسلام آباد،20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سرمایہ کاری ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان سرمایہ کاری سے متعلق پالیسی اصلاحات کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے جس کا مقصد شفافیت، سرمایہ کاروں کا اعتماد اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ طویل المدتی معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مذاکراتی اجلاس میں کیا۔
وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 1998ء کے پاکستان-آسٹریلیا دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدے کی جدت کاری کے سلسلے میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والا بالمشافہ مذاکراتی دور آج مکمل ہو گیا۔ دونوں فریقین نے مجوزہ جدید معاہدے کے ابتدائی مضامین پر بھرپور، پیشہ ورانہ اور تعمیری بحث میں حصہ لیا۔
مذاکرات کے اختتام پر دونوں وفود نے ایگریمنٹس پر باضابطہ دستخط کیے جن میں اس دور میں ہونے والی اہم پیش رفت کو ریکارڈ کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ ایک جدید، متوازن اور مستقبل بین معاہدہ تشکیل دیا جاسکے جو سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ دونوں ممالک کے جائز مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنائے۔
وفاقی وزیر نے اس موقع کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سرمایہ کاری کے دیرپا تعلقات کے استحکام کے لیے اہم سنگ بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعاون، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور توانائی، معدنیات، ٹیکنالوجی، زراعت اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سٹریٹجک سمت کے تحت پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داریوں کو وسعت دینے اور ملکی معاشی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
قیصر احمد شیخ نے مذاکراتی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا اور اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان-آسٹریلیا سرمایہ کاری معاہدے کی جدت کاری دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے بہائو میں اضافے، تجارتی مواقع کے فروغ اور دیرپا معاشی تعاون کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگی۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی قیادت میں بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاری کے فروغ، دو طرفہ شراکت داریوں کے استحکام اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مکمل معاونت کے لیے پرعزم ہے۔











