ملتان، 7 نومبر (اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کی ہدایت پر سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں ای پروکیورمنٹ سسٹم سے متعلق تربیتی سیشن منعقد ہوا۔
تقریب کی صدارت پنجاب پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی منیجنگ ڈائریکٹر محترمہ صاحبزادی وسیمہ عمر نے کی، جنہوں نے پنجاب میں پبلک پروکیورمنٹ کے قانونی و ریگولیٹری فریم ورک پر روشنی ڈالی۔
پی آئی ٹی بی کی ٹیم کی جانب سے میڈم مریم مسعود اور منصور احمد نے ای پروکیورمنٹ سسٹم کے دائرہ کار، خصوصیات اور کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ شرکا کو مختلف ماڈیولز اور فیچرز پر عملی تربیت بھی فراہم کی گئی۔سیشن کے دوران سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوا جس میں افسران نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
پی آئی ٹی بی کے نمائندوں نے بتایا کہ ای پروکیورمنٹ سسٹم کے ذریعے سرکاری خریداری کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت، میرٹ اور منصفانہ مقابلے کو فروغ دیا جا سکے۔
اس جدید پلیٹ فارم کے تحت ملک بھر کے وینڈرز آن لائن بولیاں جمع کر سکیں گے، جس سے وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ گورننس میں بہتری ممکن ہوگی۔تربیتی سیشن میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن عبدالصبور ٹھاکر، ڈی پی او لودھراں علی بن طارق، ڈی پی او خانیوال اسماعیل الرحمن، ایس پی ٹریفک ایس کاشف اسلم، ایس پی رانا نعیم، ایس پی محمد افضل، ایس ایس پی حیدر علی اور ایس او ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب ریاض احمد خان سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
شرکا نے اور کے اس مشترکہ اقدام کو شفاف اور موثر گورننس کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔











