فیصل آباد،13 نومبر(اے پی پی ): کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کے حملہ کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار محمد شکیل شہید کو گذشتہ شب فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاﺅںمیں سپرد خاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو گارڈ آف آنرز پیش کیا اور ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ شہید حوالدار محمد شکیل کا تعلق سمندری کے نواحی گاﺅں چک نمبر 137 گ ب سے تھا۔ وانا کیڈٹ کالج پر دہشت گردانہ حملہ کے دوران حولدار شکیل نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ انہوں نے لواحقین میں بیوہ اور دو بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔
شہید کے جسد خاکی کو وانا سے پنڈی پہنچایا گیا اور بعد ازاں ان کے آبائی گاﺅں چک نمبر 137 گ ب پہنچایا گیا۔ نماز عشاءکے بعد ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ضلع بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شہید کا قافلہ جب سمندری پہنچا تو بائی پاس سے گاﺅں چک نمبر 137 گ ب تک شہری شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے سڑک کے دونوں طرف قطاروں میں کھڑے تھے۔
اس موقع پر ان کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔ جنازہ میں لوئل واریئرز آف پاکستان اور المجاہد ویلفیئر آرگنائزیشن کا دستہ بھی شامل رہا جبکہ لوئل واریئرز کے چیئرمین میجر (ریٹائرڈ) ناصر نے بھی شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔











