اسلام آباد:14 نومبر (اے پی پی ): لوک ورثہ میں جاری لوک میلہ میں سندھ پویلین میں مختلف سٹالز سجائے گئے ہیں جہاں سندھ کے ماہر ہنرمند اپنے اپنے شعبے کی مختلف دستکاریوں کو بنانے میں مصروف ہیں۔
سندھ کی مشہور دستکاریوں کی اجرک جوکہ کئی ڈیزائن اور رنگوں میں تیار ہوتی ہے اسے نہ صرف چادر کے طور پر اوڑھا جاتا ہے بلکہ جدید فیشن کے سوٹ بھی میلے میں سجاۓ گئے ہیں۔پویلین کے مرکز میں بنایا گیا ہے تھر میں بسنے والے لوگوں کا گھر جسے سندھی زبان میں ” چَورا“ کہتے ہیں اور اسکے باہر چرخہ پر ایک ہنرمند آپ کو اپنا کام کرتی دکھائی دے گی ساتھ ہی اس کے سٹال پہ آپ کو اس کی تیار دستکاریاں ملیں گی۔
ایک طرف مل رہی ہیں حیدر آبادی چوڑیاں تو دوسری طرف صوفیاء کی سرزمین سندھ کی موسیقی کی دھنوں کے ساتھ یہاں کے روایتی کھانے بھی چارپائی پہ بیٹھ کر کھانے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ سندھی روایتی کھانوں میں شکار پوری اچار، سندھی ماوا (کھویا) سندھی پکوڑے اور بریانی بھی قابل ذکر ہیں۔











