ملتان 14 نومبر )اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چوھدری کی زیر صدارت سال کا چوتھا اور سب سے بڑا پروموشن بورڈ کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ریجنل پولیس آفس ملتان میں منعقد ہوا، جس میں ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں کے پولیس افسران کی پروموشن سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں سٹی پولیس آفیسر ملتان، صادق علی ڈوگر نے بذاتِ خود شرکت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ وہاڑی، خانیوال اور لودھراں کے ضلعی پولیس افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
پروموشن بورڈ نے متفقہ طور پر ملتان ریجن کے پچاس کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل ، پچاس ہیڈ کانسٹیبلان کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور پچاس اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی۔ اس طرح مجموعی طور پر ڈیڈھ سو پولیس افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دی گئی۔ جو کہ گزشتہ 13 سال کی ترقیوں کے برابر ہے۔
آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چوھدری نے اس موقع پر کہا کہ “ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں میں ترقی کا عمل مکمل طور پر شفاف، میرٹ پر مبنی اور قواعد و ضوابط کے عین مطابق انجام دیا گیا ہے۔ جن افسران نے اپنے فرائض ایمانداری، محنت اور لگن سے ادا کیے، انہیں ان کا حق دیا گیا ہے۔”
انہوں نے ترقی پانے والے تمام پولیس افسران کو مبارک باد پیش کی اور انہیں اپنے فرائض منصبی اسی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ سر انجام دینے کی ہدایت کی۔
آر پی او نے مزید کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی واضح ہدایات ہیں کہ ترقی پولیس افسران کا بنیادی حق ہے، اور انہیں بروقت ترقی فراہم کرنا محکمہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔











