ملتان ،25 نومبر( اے پی پی ) ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر عابد حسین نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے شہر میں جاری صفائی آپریشن کے حوالے سے بریفنگ لی۔
کمپنی سیکرٹری کبیر خان اور ڈویژنل آپریشن ہیڈ انوار الحق نے سی ای او کو ویسٹ مینجمنٹ آپریشنز پر جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر عابد حسین نے ہدایت کی کہ شہر بھر میں صفائی کی صورتحال کو مثالی بنانے کے لیے کنٹریکٹرز کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور ناقص کارکردگی پر کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر میں نئے ویسٹ انکلیژرز، کنٹینرز اور ڈسٹ بن فوری طور پر نصب کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ عابد حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت صفائی کا ریلیف ہر شہری تک پہنچایا جائے گا۔سی ای او نے کمپنی افسران اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ وزٹس کے ذریعے صفائی سے متعلق شکایات کا بروقت ازالہ کریں جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والے کنٹریکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔











