ملتان، 12 نومبر 2025 (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جنرل بس اسٹینڈ ملتان میں بیوٹیفیکیشن اور اپ گریڈیشن منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کیا اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی کاموں، صفائی ستھرائی، انتظار گاہوں اور ٹکٹنگ سسٹم کا معائنہ کیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ مسافروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محسن نثار نے ڈپٹی کمشنر کو جاری ترقیاتی سکیموں اور سموگ کے خلاف ضلعی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ جنرل بس اسٹینڈ کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور شہریوں و مسافروں کو بہتر ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔











