اسلام آباد، 27 نومبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ این پی جی پی پروگرام کا ملک بھر میں 3 لاکھ 70 ہزار غریب گھرانوں کو غربت سے باہر نکالنے میں کلیدی کردار ہے۔
انھوں نے قومی غربت سے نجات پروگرام (این پی جی پی) کو ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے پاکستان کے غریب ترین اضلاع میں گھرانوں کو انتہائی غربت سے باہر نکالا ہے۔ این پی جی پی نے ثابت کر دکھایا ہے کہ ٹھوس منصوبہ بندی اور مستقل مزاجی سے غربت کا خاتمہ ممکن ہے۔ ہم اس کامیاب ماڈل کو اسلامی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے ملک کے تمام غریب علاقوں تک پھیلائیں گے۔ آنے والے دنوں میں ہم انتہائی غریب اور سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے خصوصی پروگرام کا آغاز کریں گے۔
بین الاقوامی فنڈ برائے زرعی ترقی (آئی ایف اے ڈی) کی کنٹری ڈائریکٹر فرنینڈا تھامس دا روشا نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں غربت کے خلاف جنگ کا ایک سنگ میل ہے، جو سماجی تحفظ کو معاشی ترقی سے مربوط کرتا ہے۔
وزارت کے سیکرٹری نوید احمد شیخ نے کہاکہ کمیونٹی پر مبنی نقطہ نظر یہ ثابت کرتا ہے کہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ مواقع کی کمی غربت کی بنیادی وجہ ہے۔ این پی جی پی کی کامیابی کا راز خواتین کو معاشی دھارے میں لانا، ہنر اور مالیات تک رسائی کو یقینی بنانا، اور روزگار کے مواقع سے روابط قائم کرنا ہے۔











