واسا پنجاب کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ریونیو کلیکشن میں شفافیت لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین

8

لاہور، 27 نومبر (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین اور چیئرمین واسا پنجاب چودھری شیر علی کی زیر صدارت واسا پنجاب کی گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے 38 اضلاع میں واسا اور 3 اضلاع میں سب واسا کے قیام کو 31 دسمبر تک مکمل فعال کر دیا جائے گا۔ گورننگ باڈی نے یہ بھی طے کیا کہ صوبے کے تمام واساز میں یکساں واٹر ٹیرف نافذ کیا جائے گا تاکہ سروس کی فراہمی میں ہم آہنگی برقرار رہے۔ مزید فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب واسا کے اخراجات پورے کرنے کے لیے تمام اضلاع کے واساز اپنی محصولات کا ایک فیصد مرکز میں جمع کروائیں گے۔ اجلاس میں مرکزی سطح پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، لائیو ڈیش بورڈ، رین گیجز اور سسٹم کی تنصیب بھی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے دوران واٹر سپلائی، سیوریج اینڈ ڈرینج قوانین 2025 کی سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مزید بہتری کے لیے ان سفارشات کو قائمہ کمیٹی کو ارسال کر دیا گیا۔ چیئرمین واسا پنجاب چودھری شیر علی خان نے بتایا کہ اتھارٹی کے امور میں قانون سازی اور اصلاحات کے لیے ابتدائی طور پر تین خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام اضلاع میں عوامی مسائل کے بروقت تدارک کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا پنجاب کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ریونیو کلیکشن میں شفافیت لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری سہولیات میسر آئیں۔