اسلام آباد، 24 نومبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس کے بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے عنقریب مکمل ہو گا، یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس پورے خطے میں صحت کے شعبے کا ایک مثالی منصوبہ ہو گا۔
وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے علاج معالجے کے تمام مجوزہ مراکز پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس میں نہ صرف طبی خدمات بلکہ بین الاقوامی معیار کی طبی تربیت، تعلیم اور تحقیق کے لیے درکار سہولیات کی فراہمی پر کام تیزی سے جاری ہے،جناح میڈیکل کمپلیکس کو عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تحقیق اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور روبوٹکس کا استعمال کیا جائے گا۔











