وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا کی ملاقات،  دیرینہ و مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

11

اسلام آباد، 06نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی، انسداد دہشت گردی و منشیات، پولیس کی تربیت، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، تجارت اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں پاک ترک دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری امن مذاکرات میں سہولت کاری پر ترکیہ کی قیادت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کے وزیر داخلہ نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکیہ کے مابین دیرینہ و مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔ وزیر اعظم نے پاکستان کے سرکاری دورے پر آمد پر جمہوریہ ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔  وزیر اعظم نے ملاقات میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کیلئے تہنیتی پیغام دیا۔ انہوں نے سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، پولیس کی تربیت، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، تجارت اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اہم امور پر پاکستان کے موقف کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کو سراہتے ہوئے استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری امن مذاکرات میں سہولت کاری کا کردار ادا کرنے پر ترکیہ کی قیادت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ ترک وزیر داخلہ نے اپنی اور ترک وفد کی بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ترک صدر ایردوان کی جانب سے وزیراعظم کے لیے تہنیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس کے اشتراک اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، معاون خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین این ڈی ایم اے، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔