اسلام آباد، 11 نومبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں منصوبے کی موجودہ پیش رفت، انتظامات اور آئندہ کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو تمام جدید طبی سہولیات کے ساتھ اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل میں حائل تمام رکاوٹیں متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے فوری طور پر دور کی جائیں تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعظم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مقامی آبادی کو فوری طبی خدمات کی فراہمی کے لیے جناح میڈیکل کمپلیکس کے زیر انتظام ایک ذیلی طبی مرکز کے قیام پر بھی کام شروع کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ علاج معالجے کے بین الاقوامی معیار کو یقینی بنانے کے لیے ضرورت کے مطابق عالمی طبی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے لیے مطلوبہ زمین حاصل کر لی گئی ہے جبکہ ڈیزائن کنسلٹنٹ کا تقرر بھی مکمل ہو چکا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے گی تاکہ تعمیر کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ ہو۔











