اسلام آباد،11 نومبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار جام کمال خان کی سربراہی میں ملائیشیا گوشت برآمدات کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان سے گوشت کی برآمدات کے فروغ کے لیے حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں گوشت کی برآمدات کی حکمتِ عملی، لاگت، معیار اور بین الاقوامی مسابقت کے پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکاء نے بھینس اور گائے کے گوشت کی قیمتوں، سپلائی چین کے مسائل، اور برآمدی معیار سے متعلق تجاویز پیش کیں۔
جام کمال خان نے ہدایت کی کہ ورکنگ گروپ اپنی حتمی رپورٹ جلد پیش کرے اور اس ضمن میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں سے بھی مشاورت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسابقت برقرار رکھنے کے لیے علاقائی ممالک کے نرخوں کا تقابلی جائزہ لیا جائے۔
رانا تنویر حسین نے زور دیا کہ فارم سے سلاٹر ہاؤس تک معیار، وزن اور عمر کے معیار کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ہارون اختر خان نے کہا کہ اس شعبے میں پائیدار تعاون کے لیے حکومت اور نجی شعبے کی مشترکہ شمولیت ناگزیر ہے تاکہ پاکستان عالمی مارکیٹ میں اپنی مضبوط موجودگی قائم کر سکے۔











