لاہور، 21 نومبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمینوئیل آر فرنینڈز نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، دفاعی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیاسی، آئینی اور پارلیمانی تعاون پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ فلپائن اور پنجاب کے مابین اشتراکِ عمل کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فلپائن کو 2026 کی آسیان چیئرمین شپ کے لیے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی 76 برسوں پر محیط ایک مضبوط اور باوقار رشتہ ہے۔ انہوں نے فلپائنی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور ہر ممکن تعاون اور سہولیات کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور اور پنجاب کی سرزمین اپنے دروازے ہمیشہ دوست ممالک کے لیے کھلے رکھتی ہے۔ پاکستان اور فلپائن کے درمیان روحانی، تہذیبی اقدار، امن، انسانیت اور ہم آہنگی مشترکہ ورثہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 25 مفاہمتی یادداشتیں اور 2022 کا دفاعی تعاون کا معاہدہ دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت بخش رہا ہے۔ مریم نواز شریف نے فلپائن میں حالیہ زلزلوں اور طوفان سے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں فلپائن کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات خصوصاً فلڈز اور ٹائفونز نے پاکستان اور فلپائن دونوں کو یکساں طور پر متاثر کیا، جبکہ لوس اینڈ ڈیمج فنڈ کی تشکیل میں دونوں ممالک کا کردار قابلِ فخر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب فلپائن کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ مہارت سے ادارہ جاتی تبادلوں کے ذریعے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان پائیدار امن، ڈی ریڈیکلائزیشن، دفاعی تربیت، مشترکہ مشقوں، انسدادِ دہشت گردی اور انٹیلیجنس شیئرنگ کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب پاکستان کی معاشی ریڑھ کی ہڈی ہے جہاں سے 60 فیصد قومی جی ڈی پی تشکیل پاتی ہے۔ آئی ٹی، توانائی، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، فارماسیوٹیکل، آٹو پارٹس، لاجسٹکس اور کنسٹرکشن سیکٹر میں فلپائنی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ایس آئی ایف سی اور پی بی آئی ٹی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت اور پالیسی استحکام فراہم کر رہے ہیں جبکہ صوبے کے اسپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا انفراسٹرکچر، ٹیکس مراعات اور کسٹمز سہولتیں میسر ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہزاروں فلپائنی پاکستان میں جبکہ بڑی تعداد میں پاکستانی فلپائن میں مقیم ہیں، جو دوطرفہ دوستی کو مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کو یونیسکو کرییٹیو سٹی اور ای سی او ٹورازم کیپیٹل 2027 کا اعزاز ملنے سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور سیاحتی تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔ مریم نواز شریف نے یقین دلایا کہ پاکستان اور فلپائن دوستی، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر قائم رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں، جبکہ پنجاب ہر شعبے میں باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار ہے۔











