لاہور،21نومبر (اے پی پی): آسیان رکن ممالک کی کیپیسٹی بلڈنگ کانفرنس کے شرکا نے سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد کو پنجاب پولیس کے جدید انفراسٹرکچر، کرائم کنٹرول کے جدید طریقہ کار، سروس ڈیلیوری، جاری اصلاحات اور درپیش چیلنجز کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی۔ آسیان کانفرنس کے شرکا نے پنجاب پولیس میوزیم، شہدا و غازی والز سمیت سی پی او کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور پولیس پیشہ وارانہ خدمات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔ پنجاب پولیس کی جانب سے معزز مہمانوں کو سووینئرز بھی پیش کیے گئے جبکہ ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس نے آئی جی پنجاب کو اتھارٹی کی طرف سے خصوصی شیلڈ پیش کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آسیان ممالک اور پنجاب پولیس کے درمیان سکیورٹی اور سیفٹی امور میں تعاون کو مزید فروغ ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ پولیسنگ، سمارٹ سرویلنس اور ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی سیشنز کا انعقاد کیا گیا، جو پولیس کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔ آسیان رکن ممالک کے نمائندوں نے صوبہ پنجاب میں سیف سٹی اتھارٹی کے اقدامات کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان اور آسیان ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی کے تبادلے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ دورے کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی نیکوکارا، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز محمد عابد خان، ڈی آئی جی آئی ٹی منصور الحق رانا، اے آئی جی فنانس ندا عمر چٹھہ، اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔











