وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کا پاکستان ورچوئل ایسیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا دورہ

9

اسلام آباد، 20 نومبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان ورچوئل ایسیٹ ریگولیٹری اتھارٹی  کا دورہ کیا، جہاں انہیں اتھارٹی کی بنیادی پیش رفت اور مجوزہ ریگولیٹری فریم ورک پر بریفنگ دی گئی۔

اتھارٹی کے حکام نے وزیر خزانہ کو اپنی ذمہ داریوں، پالیسی سمت اور ورچوئل ایسیٹس کے لئے مرحلہ وار ریگولیٹری ڈھانچہ تیار کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت، ریگولیٹری گائیڈ لائنز کی تیاری اور صارفین کے تحفظ و شفافیت کو یقینی بنانے کے امور شامل تھے۔

وزیر خزانہ نے اتھارٹی کی اب تک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ادارے کو درپیش انتظامی یا تکنیکی مسائل کے فوری حل کی ہدایت کی، اور اس بات پر زور دیا کہ مضبوط ریگولیٹری نظام ملکی مالیاتی استحکام اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم ہے۔

اس موقع پر چیئرمین بلال بن ساقب نے کہا کہ اتھارٹی ذمہ دارانہ جدت، مؤثر نگرانی اور واضح قواعد کی تشکیل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک اس شعبے میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

دورے کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ حکومت شفاف، محفوظ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل کے عمل کی مکمل معاونت جاری رکھے گی۔