وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک اور عالمی بینک کے وفد کی ملاقات

15

‎اسلام آباد،12نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک نے عالمی بینک کے وفد سے ملاقات کی ،جس کی قیادت  میلورما آمگابازار کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک برائے پاکستان اور گیلیس ڈراؤگیلس کر رہے تھے۔ ملاقات میں پاکستان کو درپیش معاشی عدم استحکام اور مہنگائی کے عوامل، ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر حکمتِ عملی اور پائیدار ترقی کے اہداف پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

‎ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کے لئے جامع حکمتِ عملی ناگزیر ہے تاکہ پاکستان کو درپیش حقیقی مسائل کی درست نشاندہی ہو اور منصوبے انہی ترجیحات کی بنیاد پر تشکیل پائیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ بجٹ اور کم مہارت والے منصوبے دیرپا نتائج نہیں دیتے اس لیے ضروری ہے کہ منصوبے لاگت کے لحاظ سے مؤثر، وسعت پذیر اور عوامی فلاح پر مرکوز ہوں۔

‎وفاقی وزیر نے توجہ دلائی کہ ترقیاتی فنڈز کا اصل مقاصد سے ہٹ جانا،خصوصاً شعبہ تعلیم، آبادی، خواتین کی ترقی اور صحت،  ادارہ جاتی کمزوریوں کا باعث بنتا ہے اور قومی اہداف کے حصول میں رکاوٹ بنتا ہے۔عالمی بینک کے وفد نے پاکستان کے ساتھ آئندہ دس سالہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (FY26–FY35) پیش کیا جو دو سالہ مشاورت کا نتیجہ ہے۔ یہ فریم ورک چھ کلیدی شعبوں پر مبنی ہے جس میں غذائی قلت میں کمی، ماحولیاتی لچک، نجی شعبے کی ترقی، تعلیم، آبادی کے نظم و نسق اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات شامل ہیں۔دونوں فریقوں نے جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ باہمی تعاون اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے منصوبوں کی رفتار اور مؤثریت میں مزید بہتری لائی جائے گی۔