لاہور، 20 نومبر (اے پی پی): پنجاب حکومت نے صوبے کے محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اور تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
وزیر لیبر منشاء اللہ بٹ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر محنت کشوں اور ان کے خاندانوں کے لیے فلاحی گرانٹس میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیر لیبر کے مطابق محنت کشوں کے بچوں کی شادی کے لیے میرج گرانٹ میں 2 لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد میرج گرانٹ 4 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیتھ گرانٹ میں بھی 2 لاکھ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت یہ گرانٹ 8 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔
منشاء اللہ بٹ نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت محنت کشوں کیلئے متعدد فلاحی اقدامات پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ محنت کشوں کو مریم نواز راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ 3 ہزار روپے سبسڈی دی جا رہی ہے جبکہ صوبے میں نئی لیبر کالونیاں قائم کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کے بچوں کے لیے بہترین اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں بہتر مستقبل مل سکے۔
وزیر لیبر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز محنت کش طبقے کو خوشحال بنانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے محنت کشوں کو معاشی طور پر مضبوط بنا کر انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔











