پنجاب پولیس کا سموگ، فضائی آلودگی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کریک ڈاؤن ، 24 گھنٹوں میں 24 مقدمات درج، متعدد گرفتار

11

لاہور، 04 نومبر (اے پی پی): پنجاب پولیس کی جانب سے سموگ، فضائی آلودگی کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 24 مقدمات درج کیے گئے جبکہ قانون شکن عناصر کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ 217 افراد کو 5 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے، جب کہ 9 افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ کارروائی کے دوران فصلوں کی باقیات جلانے کی 66 اور زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 74 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ اسی طرح اینٹوں کے بھٹوں کی 5 خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔  رواں سال کے دوران مجموعی طور پر لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 2074 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 1879 قانون شکن گرفتار ہوئے۔ 85 ہزار 455 افراد کو 21 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے  جبکہ 11 ہزار سے زائد افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ ترجمان کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانے کی 863، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 51 ہزار 332، صنعتی سرگرمیوں کی 1701 اور اینٹوں کے بھٹوں کی 3289 خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شاہراہوں، انڈسٹریل ایریاز اور زرعی مقامات پر انسدادِ سموگ کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔