چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین کی محکمہ داخلہ پنجاب آمد؛ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات

9

لاہور، 4 0نومبر(اے پی پی): سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے محکمہ داخلہ پنجاب میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں امن و امان کی صورتحال اور چینی باشندوں کے سکیورٹی انتظامات بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ  چین پاکستان میں بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام کر رہا ہے،چینی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں پنجاب میں امن و امان کے قیام کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب کا کردار قابل تعریف ہے،چینی قونصل جنرل نے بلٹ پروف کار محکمہ داخلہ پنجاب کے حوالے کی بلٹ پروف کار چینی سرمایہ کاروں اور انجینئرز کی نقل و حرکت کیلئے استعمال ہوگی۔ چینی  قونصل جنرل اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے۔سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے آفیشلز اور سیاحوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے،پنجاب میں موجود تمام چینی باشندوں کی سکیورٹی اور سہولت کیلئے کوشاں ہیں، حکومت پنجاب نے اپنے وسائل سے ایک بلٹ پروف وین فیڈمک کے حوالے کی، سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ تمام انڈسٹریل زونز میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، چینی شہریوں اور حکومتی ذمہ داران کیلئے ہمارے دفاتر ہمیشہ کھلے ہیں،چائنیز سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی استعداد بڑھا رہے ہیں، سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ چینی باشندوں کی محفوظ نقل و حرکت کیلئے وفاقی حکومت کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کر رہے ہیں،سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہر اہم موقع پر چین کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔چینی قونصل جنرل نے پریزن ریفارمز کے تحت اسیران کی تیار کردہ مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر چین کے ڈپٹی قونصل جنرل، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری فارن نیشنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم و دیگر نے شرکت کی ۔