ریسکیو 1122ملتان کےزیر اہتمام ورلڈ ڈے آف ریممبرینس تقریب  

24

ملتان,16 نو مبر)اے پی پی ):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ملتان کے زیر اہتمام ورلڈ ڈے آف ریممبرینس کے موقع پر سڑک حادثات میں جاں بحق افراد کی یاد اور ٹریفک سیفٹی سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے دو اہم تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پہلی مرکزی تقریب ریسکیو 1122 ملتان کے سیمینار ہال میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کی صدارت میں منعقد ہوئی جبکہ دوسری اہم تقریب پنجاب کالج ملتان میں طلباء و اساتذہ کی بھرپور شرکت کے ساتھ ہوئی۔مرکزی سیمینار میں ریسکیو افسران، سول سوسائٹی، سرکاری اداروں کے نمائندگان، میڈیا اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ ماہرین نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ موٹر سائیکل کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد نہیں ہونی چاہیے، ہیلمٹ کا درست استعمال جان بچانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے جبکہ سائیڈ مررز کے استعمال سے حادثات میں نمایاں کمی آتی ہے۔ڈاکٹر حسین میاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر نوجوان صرف تین اصولوں پر سختی سے عمل کریں—رفتار کی حد، ہیلمٹ کا لازمی استعمال اور سائیڈ مررز کا استعمال—تو ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ممکن ہے۔ مرکزی تقریب کے اختتام پر آگاہی واک بھی نکالی گئی جس میں شہریوں کو رفتار کی ممانعت، ہیلمٹ کی اہمیت اور کم عمر ڈرائیونگ کی روک تھام سے متعلق پیغامات دیے گئے۔پنجاب کالج میں ہونے والی خصوصی تقریب میں ٹریفک حادثے کے باعث معذور ہونے والے نوجوان عقیل اعوان نے 30 سالہ تکلیف دہ سفر بیان کرتے ہوئے طلبہ کو ہیلمٹ کے لازمی استعمال کی تلقین کی۔ ان کی جذباتی گفتگو نے پورے ہال کو رنجیدہ کر دیا اور سینکڑوں طلباء نے ہیلمٹ استعمال کرنے کا عہد کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب کالجز ملتان اسامہ بشیر نے تاریخی اعلان کیا کہ اب پنجاب کالج کی حدود میں کوئی طالب علم، استاد یا سٹاف ممبر بغیر ہیلمٹ اور بغیر سائیڈ مرر داخل نہیں ہو سکے گا۔ شرکاء نے اس فیصلے کو طلباء کی جانوں کے تحفظ کے لیے بہترین اقدام قرار دیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی ہدایات پر ملتان بھر کے تعلیمی اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹریفک سیفٹی آگاہی مہم جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے جبکہ کم عمر ڈرائیورز کے لیے خصوصی بریفنگ سیشنز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ریسکیو 1122 ملتان نے کہا کہ حادثات قسمت نہیں بلکہ احتیاط کی کمی کا نتیجہ ہوتے ہیں، اس لیے رفتار کی حد کا احترام اور ہیلمٹ و سائیڈ مررز کا استعمال ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔