بچوں کے تحفظِ حقوق، انسدادِ گداگری اور بچوں کے استحصال کی روک تھام کے حوالے سے ملتان میں عوامی آگاہی واک

16

ملتان، 30 دسمبر (اے پی پی): چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد کی خصوصی ہدایت پر بچوں کے تحفظِ حقوق، انسدادِ گداگری اور بچوں کے استحصال کی روک تھام کے حوالے سے نادرن بائی پاس چوک ملتان پر ایک عوامی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق آگاہی واک چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور سٹی ٹریفک پولیس ملتان کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی،جس کا مقصدعوام میں بچوں کے تحفظ،حقوق اور استحصال سے بچاؤ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 کو عام کرنا تھا۔

واک میں ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن بیورو شفاعت ظفر،ادارے میں رہائش پذیر بچے،افسران اور اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر ملتان کاشف اسلم کی ہدایت پر ڈی ایس پی ٹریفک محمد قذافی،انچارج ایجوکیشن یونٹ ٹریفک انسپکٹر سہیل اور دیگر ٹریفک پولیس اہلکار بھی آگاہی واک میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ جو قوم اپنے بچوں کی حفاظت نہیں کر سکتی وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔ بچوں کے استحصال اور بدسلوکی کی روک تھام کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ شفاعت ظفر نے کہا کہ اس آگاہی واک کا مقصد لوگوں میں بچوں کے تحفظ اور استحصال کی روک تھام کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔

ڈی ایس پی ٹریفک محمد قذافی نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور انہیں ہر قسم کے استحصال، زیادتی اور بدسلوکی سے محفوظ بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق بچوں کے ساتھ ہونے والا استحصال اور بدسلوکی ان کے ذہنوں پر گہرے منفی اثرات چھوڑتی ہے جس سے ان کی شخصیت اور اعتماد کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔

آگاہی واک کے دوران بچوں کے تحفظ اور بچوں کے استحصال کی روک تھام کے حوالے سے نعرے بھی لگائے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی اس عوامی آگاہی مہم میں این جی اوز کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور عام شہریوں نے بھی شرکت کی۔