اسلام آباد ، 30 دسمبر )اے پی پی ):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی (ای پی زیڈ اے) کے بورڈ ممبرز کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کو درپیش مسائل، کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کی کارکردگی میں فوری بہتری ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ای پی زیڈ اے کو ملکی برآمدات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
ہارون اختر خان نے ادارے میں سیکیورٹی اور فائر ریڈینس کے نظام کو ہر صورت بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صنعتی زونز میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے یہ اقدامات انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے بغیر ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری ممکن نہیں، اس لیے ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جائے۔
معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل نظام بیوروکریٹک رکاوٹوں کے خاتمے میں مدد دے گا اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے ای پی زیڈ اے کے بورڈ اور سی ای او پر زور دیا کہ وہ ادارے کی ساکھ بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ برآمدات میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت رواں سال ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کی برآمدات دوگنی کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔











