ملتان 9 دسمبر (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ میں میونسپل سروسز، کھلے مین ہولز کی کورنگ اور آوارہ کتوں کی تلفی سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔
اجلاس میں ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے ڈویژنل کمشنرز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں مین ہولز کی میپنگ جاری ہے جبکہ یکم نومبر سے 13 ہزار سے زائد آوارہ کتوں کو تلف کیا جا چکا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے ہدایت کی کہ کھلے مین ہولز پر فوری ڈھکن لگائے جائیں، مین ہول کورز کی چوری کی روک تھام کی جائے اور میونسپل سروسز کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے مین ہول میں گرنے اور آوارہ کتوں کے حملوں جیسے واقعات وزیراعلیٰ پنجاب کی ریڈ لائن ہیں اور حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے مطابق کارروائی ہوگی۔
اجلاس میں آوارہ اور پالتو کتوں سے متعلق نئی پالیسی کی سفارشات حکومت پنجاب کو بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔











