ڈی جی پی آئی ٹی بی ساجد لطیف کا ایم ڈی اے ہیڈ آفس کا دورہ، ای بز اور ای فوس سسٹمز پر اطمینان

13

ملتان،09دسمبر(اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل ای گورننس پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ  ساجد لطیف نے اپنے افسران کے ہمراہ ایم ڈی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ وفد میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل خرم مشتاق، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عقیل الرحمن، ڈائریکٹر اسکلز اینڈ ڈویلپمنٹ احمد اسلام اور سینئر پروگرامر عبدالرؤف شامل تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے راشد ارشاد حسین نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے عطاء الحق کھوکھر، ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن شاکر عباس بزدار اور دیگر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد حسین نے ای بز اور ای فوس سسٹمز کی ورکنگ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایم ڈی اے کا تمام ریکارڈ مکمل طور پر ای فوس سسٹم پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای بز پورٹل پر کوئی کیس زیر التواء نہیں،اور ریکارڈ کی سیکیورٹی جدید خطوط پر یقینی بنائی گئی ہے جس سے ڈیٹا میں ردو بدل کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نقشہ منظوری کے مراحل کو مزید آسان بنانے کے لیے ای بز سافٹ ویئر میں توسیع کی ضرورت ہے، جس کے لیے پنجاب آئی ٹی بورڈ سے تعاون درکار ہوگا۔ ڈی جی ایم ڈی اے کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق ای بز اور ای فوس کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں۔پی آئی ٹی بی کے افسران نے ایم ڈی اے کی پیشہ ورانہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ ڈی جی پی آئی ٹی بی نے ایم ڈی اے کی ڈیجیٹل کارکردگی اور ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔بعد ازاں ڈی جی پی آئی ٹی بی اور ان کا وفد ایم ڈی اے کے ای بز کاؤنٹرز اور ای خدمت مرکز متی تل کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں مزید بریفنگ دی گئی۔