جہلم میں پہلی الیکٹرک بس سروس کا باضابطہ افتتاح

24

اسلام آباد، 29 دسمبر 2025 (اے  پی پی ):  جہلم میں پہلی بار الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے منصوبے کے تحت جہلم میں 15 الیکٹرک بسیں تین مختلف روٹس پر شہریوں کو سفر کی جدید اور ماحول دوست سہولت فراہم کریں گی۔

افتتاحی تقریب میں وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، وزیراعلیٰ کے مشیر جنرل (ر) اظہر کیانی اور دیگر سیاسی شخصیات کے ہمراہ بسوں کا افتتاح کیا۔

اظہر کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جہلم کے عوام کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا مسلم لیگ (ن) کی عوامی خدمت کا تسلسل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بسوں کے مزید روٹس اور تعداد میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ ہر شہری کو باعزت اور معیاری سفر کی سہولت حاصل ہو۔

وزیر مملکت نے کہا کہ پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب سمیت ہر شعبے میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور عوام اپنی آنکھوں سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کی خدمت دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بس منصوبہ ماحول اور عوام دوستی کا مظہر ہے اور عام آدمی کو عزت و وقار کے ساتھ سفر کی سہولت فراہم کرنا نواز شریف کی روایت ہے۔

اظہر کیانی نے مزید اعلان کیا کہ جہلم روڈ اگلے چھ ماہ میں مکمل کیا جائے گا، جبکہ جہلم کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پہلی جدید کیتھ لیب کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔