لاہور، 28 دسمبر (اے پی پی): پنجاب میں ملک کا پہلا اور منفرد “سی ایم سہولت آن دی گو بازار” عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت قائم ہونے والے ان بازاروں میں شہریوں کو معیاری اور سستی اشیا جبکہ ریڑھی بانوں کو باعزت اور مستقل روزگار میسر آ رہا ہے۔ شہری خوش ہیں اور دکاندار بھی خوشحال دکھائی دیتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ریڑھی بانوں کو 400 سے زائد سٹالز اوپن قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کیے گئے۔ لاہور میں پہلے مرحلے کے تحت دس مقامات پر سہولت آن دی گو بازار قائم کیے جا چکے ہیں، جن میں گلشن راوی، شادمان، مادرِ ملت، مدینہ مارکیٹ، ٹاؤن شپ، سندر روڈ، کوٹھا پنڈ فیصل ٹاؤن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کھاڑک نالہ، اعوان ٹاؤن، ویلنشیا اور شاہدرہ میں بھی سہولت بازار فعال ہو چکے ہیں۔
ان بازاروں میں پھل، سبزیاں، چکن اور کریانہ مصنوعات ڈی سی ریٹس پر دستیاب ہیں۔ شہریوں کی سہولت کیلئے سکیورٹی، صفائی، واش رومز اور ڈرائیو تھرو خریداری کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت رمضان بازاروں میں ملنے والی سستی اشیا اب سال بھر دستیاب رہیں گی۔











