لاہور، 29 دسمبر (اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے ترمیم شدہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، بہتر ٹریفک مینجمنٹ کے اہداف میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب نے ٹریفک قوانین، اصلاحات، جدید نظام پر عملدرآمد کے لئے کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کا حکم دیا اور کہا کہ سپیشل برانچ کی نشاندہی،گائیڈ لائن کی روشنی میں ٹریفک خلاف ورزی پر ایکشن لیں، آئی جی پنجاب نے غیر نمونہ نمبر پلیٹس پر بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈی پی اوز، ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران ٹریفک مینجمنٹ میں بہتری کے لئے خود فیلڈ میں نکلیں، ٹریفک مینجمنٹ میٹرکس پر توجہ دیں، ہیلمٹ، ون وے،اوور لوڈنگ سمیت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیں،ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سنگین حادثات میں واضح کمی آئی ہے، 23 اضلاع میں ٹریفک حادثات کی شرح زیرو، ہیلمٹ کی پابندی سے ہیڈ انجری کی شرح میں 82 فیصد کمی آئی، گزشتہ 3 ہفتوں میں 2.5 ملین شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس بنوائے، موبائل لائسنسنگ یونٹ سے 1 لاکھ 11 ہزار لائسنس بنوائے گئے، لاہور میں گزشتہ ایک ماہ میں حادثات کی شرح میں 47 فیصد کمی واقع ہوئی،آئی جی پنجاب نے لودھراں، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، بہاولنگر، ڈی جی خان، بہاولپور، خانیوال سمیت مختلف اضلاع کو ٹریفک مینجمنٹ کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی اور آن لائن منشیات فروشی کے تدارک، منشیات کیسز میں مجرمان کی سزائیں یقینی بنانے کا حکم دیا اور کہا کہ ڈی پی اوز موثر سپرویژن، انسدادی بامقصد، ٹارگٹڈ نائٹ پٹرولنگ کے ذریعے وارداتیں روکیں ڈی پی اوز 15 کی کال پر پولیس ریسپانس ٹائم، موبائل وہیکلز کی سیف سٹیز سے آن لائن رابطے، کانفرنس کال کی مانیٹرنگ کریں۔
انہوں نے کہا کہ چینی ماہرین، باشندوں کے ورکنگ ایریاز، روٹس، رہائش گاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کر دیں، کالعدم تنظیموں کے اشتہاریوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری، چالاننگ پراسیکیوشن یقینی بنائیں،سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کی تشکیل سے قبل متعلقہ امور بارے باہمی مشاورت سے بھرپور تیاری کریں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آر پی اوز اپنی متعلقہ رینج میں ایس ڈی پی اوز کے سرکلز کا دورہ کرکے کارکردگی کا جائزہ لیں، رائٹ مینجمنٹ پولیس کی ٹریننگ، ہیومن ریسورس، لاجسٹکس، ٹرانسپورٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے،ڈی پی اوز ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 کالز پر پولیس ریسپانس ٹائم بہتر، آن لائن کانفرنس کال میں شمولیت یقینی بنائیں۔
ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ راو عبد الکریم، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارا، ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر، سی ٹی او لاھور/ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہروحید، ایس ایس پی ٹریفک سید ندیم عباس نے اجلاس میں شرکت کی ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز، سی ٹی اوز، ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کی بذریعہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔











