اشک آباد، 12 دسمبر (اے پی پی(:وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے جمعہ کو اشک آباد میں امن و اعتماد کے بین الاقوامی سال کے لیے وقف عالمی فورم کے موقع پر ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا جن کی بنیاد مشترکہ اقدار اور خطے میں امن و خوشحالی کے لیے یکساں عزم ہے۔
وزیر اعظم نے رواں برس دونوں ممالک کے درمیان قیادت کی سطح پر مسلسل روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، توانائی، اقتصادی، دفاع اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کی توثیق کی۔ اس سلسلے میں انہوں نے پاک ترک مشترکہ وزارتی کمیشن کے 16ویں اجلاس کے انعقاد پر بھی اطمینان ظاہر کیا جو ساتویں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد میں معاون ہو گا۔
وزیر اعظم نے توانائی، پیٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں ترکیہ کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور اہم شعبوں میں حال ہی میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر بروقت عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں ترکیہ کے تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے۔ اس ضمن میں دونوں ممالک نے وزارتی سطح کے جلد تبادلوں پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم نے علاقائی روابط کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے اسلام آباد تہران استنبول ریل نیٹ ورک کی بحالی کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر اعظم نے غزہ میں امن کے لیے صدر ایردوان کی جرات مندانہ قیادت اور مضبوط سفارتی کوششوں کو سراہا۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان اور افغان طالبان حکومت کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے پر ترکیہ کے تعمیری کردار کا شکریہ ادا کیا تاہم واضح کیا کہ دیرپا امن اسی وقت ممکن ہو گا جب پاکستان کے سلامتی سے متعلق خدشات کا مکمل طور پر ازالہ کیا جائے۔
صدر ایردوان نے وزیر اعظم کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔











