پشاور،16دسمبر(اے پی پی)آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی 11 ویں برسی کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور میں ایک پروقار دعائیہ تقریب اور قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، اراکینِ صوبائی اسمبلی، شہداء کے والدین، طلباء، اساتذہ اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران چیف خطیب خیبرپختونخوا مولانا طیب قریشی نے ختمِ قرآن کے بعد شہداء کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی، امن و استقرار اور بارانِ رحمت کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ بعد ازاں، گورنر فیصل کریم کنڈی اور دیگر شرکاء نے گورنر ہاؤس میں قائم یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور معصوم جانوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے سانحہ اے پی ایس کو ملکی تاریخ کا ناقابلِ فراموش اور دلخراش واقعہ قرار دیا۔معصوم شہداء کی قربانی نے پوری قوم کو اتحاد، یکجہتی اور حوصلے کا پیغام دیا ہے۔شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے نبرد آزما ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے حال ہی میں کیڈٹ کالج پر حملہ ناکام بنا کر بچوں کی جانیں بچائیں جو کہ قابلِ ستائش ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ صوبے میں امن کی بحالی اور معصوم جانوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز مل کر خیبرپختونخوا کو ایک پرامن اور ترقی یافتہ صوبہ بنائیں گے۔











