کمشنر ملتان عامر کریم خان کا بوریوالہ کا دورہ، دو نئے عوامی پارکس ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم

42

بوریوالہ،30دسمبر(اے پی پی):  کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے ضلع وہاڑی کی تحصیل بوریوالہ کا دورہ کیا اور شہر میں عوامی تفریح کے فروغ کے لیے دو مجوزہ پارکس کے لیے خالی مقامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر ملتان نے ہدایت کی کہ خالی سرکاری زمین کو جلد از جلد جدید اور معیاری عوامی پارکس میں تبدیل کیا جائے۔کمشنر نے دونوں پارکس کی تعمیر ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ترقیاتی کاموں میں رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ تفریحی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔کمشنر ملتان نے مزید کہا کہ بوریوالہ میں نئے پارکس کے قیام سے شہریوں کو صحت مند، خوشگوار اور پرسکون ماحول میسر آئے گا، جبکہ بچوں، بزرگوں اور خاندانوں کے لیے تفریح کے بہتر مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔