فیصل آباد، 31 دسمبر (اے پی پی ): سی پی اوفیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے شہریوں کے لیے نیو ائیر کی آمد کے حوالے سے اپنے پیغام
میں کہا ہے کہ نیا سال ہم سب کے لیے امن، خوشحالی اور سلامتی کا پیغام لے کر آئےگا۔ انھوں نے کہا کہ قانون کی پاسداری ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے، نیو ائیر نائٹ کے موقع پر اسلحہ کے استعمال، ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی، ون ویلنگ، منشیات اور شراب نوشی جیسے غیر قانونی اور جان لیوا اقدامات سے مکمل اجتناب کیا جائے۔نئے سال کی تقریبات کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تین ہزار سے زائد افسران و ملازمان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی پی او نے کہا کہ والدین اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں،تاکہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کی وجہ سے ان کا مستقبل متاثر نہ ہو، انھوں نے مزید کہا کہ ہم شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔











