اسلام آباد، 31 دسمبر (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے نئے سال 2026 کے موقع پر ملتان ریجن کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دعا گو ہیں کہ آنے والا سال امن، خوشیوں اور ترقی کا پیامبر ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیو ایئر کے موقع پر عوام بالخصوص فیملیز بلا خوف و خطر تفریح کریں، ملتان پولیس کی جانب سے مارکیٹس اور رش والے مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
آر پی او ملتان نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، غیر اخلاقی حرکات اور فیملیز کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف قانون سختی سے حرکت میں آئے گا، جبکہ شہریوں کے تحفظ کے لیے سیف سٹی کیمروں سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان پولیس عوام کی حفاظت اور خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔











