پولیس لائنز ملتان میں کرسمس کے موقع پر کرسچن کمیونٹی کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

12

ملتان ، 23دسمبر(اے پی پی):پولیس لائنز ملتان ٹریفک بلاک میں کرسمس کے حوالے سے کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے پولیس ملازمین  کے لیے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

 تقریب  میں سی ٹی او ملتان محمد کاشف اسلم ، ڈی ایس پی سٹی نذیر ،  انچارج میثاق سنٹر پروان لعل ٹریفک وارڈن سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔تقریب میں کرسمس کا کیک کاٹا گیا اور عیدی بھی دی گئی ۔ سی ٹی او ملتان نے کرسچن کمیونٹی کے پولیس ملازمین کے لیے اس موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ٹی او نے کہا کہ کرسچن کمیونٹی کے ملازمین پولیس فورس کا ایک اہم حصہ ہیں، اور ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان جیسے تاریخی شہر میں تمام مذاہب کے ماننے والے بھائی چارے اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں، جو امن و محبت کا ایک بہترین نمونہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرسمس محبت، امن اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے، اور پولیس فورس اس پیغام کو عام کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔تقریب کے دوران ملکی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔