وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کا اجلاس

27

کوئٹہ، 18 دسمبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کا ایک اہم اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں محکمے کی بہتری، شہری صحت کے تحفظ اور شفاف طرزِ حکمرانی سے متعلق متعدد اصلاحاتی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔  اجلاس میں کوئٹہ شہر سے ڈیری فارمز کو مرحلہ وار شہری حدود سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا و، زیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی، آلودگی میں کمی اور جدید شہری منصوبہ بندی کو فروغ دینا ہے، تاکہ شہر میں ٹریفک، ماحولیاتی اور صحت سے جڑے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے منصوبے پر مؤثر عمل درآمد کے لیے سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی اور سیکرٹری خزانہ پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی، کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر قابلِ عمل تجاویز مرتب کرے اور ایک ہفتے کے اندر جامع رپورٹ پیش کرے ،اجلاس میں محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میں گریڈ 1 سے 15 تک محکمانہ بھرتیوں کی منظوری بھی دی گئی، وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام بھرتیاں سو فیصد میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے تحت کی جائیں گی، کسی قسم کی سفارش یا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کوئی نوکری فروخت نہیں ہوگی اور نوجوانوں کے حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بالادستی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کہا کہ لائیو اسٹاک اور ڈیری سیکٹر کی بہتری سے صوبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا، جس سے معیشت مستحکم اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری آئے گی، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے سروس ڈلیوری کو مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے پُرعزم ہے، اور تمام محکموں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ بلوچستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو ا۔جلاس میں صوبائی وزیر محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ سردار فیصل خان جمالی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان،  ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم،  پرنسپل سیکرٹری بابر خان،  سیکرٹری لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ محمد طیب لہڑی، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون،  سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی سید فیصل آغا سمیت دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔