وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اہم اجلاس

13

اسلام آباد،17دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورۂ چترال کے دوران دی گئی ہدایات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔

وفاقی وزیر نے بالائی چترال میں صحت کی سہولت سے متعلق پی سی۔ون کی تیاری اور اس پر کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو بالائی چترال میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے لیے بھی باقاعدہ تجویز تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔

اجلاس کے دوران مختلف وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام نے وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد اور جاری منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم کے دورۂ چترال کے دوران کیے گئے اعلانات اور ہدایات پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں پاور ڈویژن، وزارتِ پیٹرولیم، وزارتِ مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، نیشنل ہیلتھ سروسز، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ حکام, محکمۂ  تعلیم خصوصی سیکریٹری، چیف انجینئر محکمۂ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) خیبر پختونخوا، محکمۂ صحت خیبر پختونخوا اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) چترال کے سینئر حکام نے شرکت کی۔