وفاقی وزیر جام کمال خان سے یمن کے سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

21

اسلام آباد، 12 دسمبر )اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور یمن نے دوطرفہ تجارت کے فروغ اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں یمنی سفیر نے دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یمن پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 300 یمنی طلبہ پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جو دونوں ممالک کے مضبوط عوامی روابط کی واضح مثال ہے۔ یمنی سفیر نے دوطرفہ معاہدوں کو فعال کرنے اور ادارہ جاتی تعاون میں توسیع کی ضرورت پر زور دیا۔

جام کمال خان نے کہا کہ حکومت خطے کے قریبی ممالک کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان چھوٹے جہازوں اور فیری پر مبنی کم لاگت شپنگ سروسز کے آغاز پر غور کر رہا ہے جو علاقائی تجارت کے اخراجات کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کے SMEs یمن، صومالیہ، ایتھوپیا اور عمان جیسے قریبی بازاروں سے خاطر خواہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے ادارہ جاتی تعاون کے فروغ اور تجارتی روابط کے لیے رابطہ سازی بڑھانے پر مکمل اتفاق کیا۔