لاہور، 18 دسمبر(اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت صوبے بھر میں 2 ہزار 613 کلومیٹر گلیاں پختہ کی جائیں گی جبکہ مجموعی طور پر 3 ہزار 497 کلومیٹر طویل سیوریج لائن بچھائی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں یہ ترقیاتی کام 10 شہروں میں شروع کیے جائیں گے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ پی ڈی پی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، جہاں پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) اسد محمود نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ پی ڈی پی 304 ارب روپے کا میگا پراجیکٹ ہے، جس کے پہلے مرحلے میں 52 میں سے 10 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کا آغاز کیا جائے گا۔ ان شہروں پر مجموعی طور پر 54 ارب روپے خرچ ہوں گے، جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے 7.5 ارب روپے کی ابتدائی گرانٹ جاری کر دی گئی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اٹک، لالہ موسیٰ، لیہ، میلسی، علی پور چٹھہ، خانیوال، بوریوالہ، جڑانوالہ، وہاڑی اور سلانوالی شامل ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ منصوبے کے تحت 56 نئے اور 61 پرانے ڈسپوزل اسٹیشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، جس سے 21 ہزار کلوواٹ بجلی پیدا ہو گی اور کروڑوں روپے کے ماہانہ بجلی بل کی بچت ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی مجموعی صلاحیت 2114 کیوسک تک بڑھنے سے اربن فلڈنگ کے خطرات میں نمایاں کمی آئے گی۔ وزیر بلدیات کے مطابق منصوبے میں انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینکس کی تعمیر بھی شامل ہے، جس کے ذریعے برساتی پانی کو ضائع کرنے کے بجائے محفوظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کے 200 شہروں میں تمام بنیادی اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اسی لیے پی ڈی پی میں 2050 تک متوقع آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیمیں تیار کی گئی ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر وزیر بلدیات نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر موثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرز پر ہر سرگرمی کو ڈیش بورڈ پر باقاعدہ اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ شفافیت اور بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔











