لاہور، 18 دسمبر (اے پی پی):محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس پنجاب کے زیرِ اہتمام مالی سال 2024-25 کے بہترین ٹیکس دہندگان کے اعزاز میں ایوارڈز کی تقریب جمعرات کے روز مقامی ہوٹل لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے پارلیمانی سیکرٹری شہریار ملک تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار ملک نے ٹاپ ٹیکس دہندگان کے احساسِ ذمہ داری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ٹیکس دہندگان کی جانب سے ادا کیا گیا ٹیکس دراصل وہ سرمایہ کاری ہے جو پنجاب میں “گھر اپنی چھت”، کسان کارڈ، ہیلتھ کلینکس اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ جیسے عوامی منصوبوں کو ممکن بنا رہی ہے۔ انہوں نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو عزت دے کر ان کا اعتماد حاصل کیا گیا ہے، جس سے ٹیکس ادائیگی کے بارے میں منفی رویوں میں مثبت تبدیلی آئی اور وصولیوں میں اضافہ ہوا۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں اکٹھا ہونے والی رقم میونسپل کمیٹیوں کو منتقل کی جاتی ہے جو عوام کو میونسپل سروسز کی فراہمی پر خرچ ہوتی ہے، جبکہ موٹر وہیکل ٹیکس سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور روڈ سیفٹی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے نتیجے میں ایکسائز لیویز گزشتہ تین برسوں میں 40 ارب روپے سے بڑھ کر 70 ارب روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ مالی سال 2024-25 میں محکمہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا اور رواں مالی سال میں مزید بہتر اہداف کے ساتھ کام جاری ہے۔ ڈی جی ایکسائز نے مزید کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کو رینٹل ویلیو سے کیپیٹل ویلیو پر منتقل کرنے سے نظام میں شفافیت اور یکسانیت آئی ہے، جس سے ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ موٹر وہیکل ٹیکس سسٹم کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور تمام اصلاحات تاجروں، صنعت کاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد متعارف کروائی جا رہی ہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے محکمہ ایکسائز میں اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اصل مسئلہ اقتصادیات نہیں بلکہ اخلاقیات کا ہے۔ اگر ٹیکس محکمے ہراسمنٹ کی بجائے ٹیکس دہندگان کو عزت دیں تو شہری خود بخود ٹیکس ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایف بی آر بھی اسی طرزِ عمل کو اپنائے تو اپنے اہداف سے کہیں آگے جا سکتا ہے۔ بہترین ٹیکس دہندگان کے ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں نشاط ہوٹل اینڈ انٹرپرائزز، ڈی ایچ اے رائیہ، آوارہ ایکسپریس، سرینہ ہوٹل، پاک لین راوی، اٹک آئل ریفائنری، یونیورسٹی آف لاہور، سواری ہوٹل، حبیب بینک لمیٹڈ اور ماسٹر ٹیکسٹائل ملز کے نمائندگان شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب مسعود مختار نے تمام مہمانوں کی شرکت اور ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے لیے ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا اور صدر لاہور چیمبر آف کامرس کو اعزازی سووینئر پیش کیا۔











