چیئرمین سی ڈی اے کا ممبر انجینئرنگ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ زیر تعمیر “آسان خدمت مرکز” منصوبے کا دورہ

10

اسلام آباد ، 25 دسمبر ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر انجینئرنگ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ زیر تعمیر “آسان خدمت مرکز” منصوبے کا دورہ کیا اور اس منصوبے کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے کاموں میں ہونے والی پیشرفت کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے میں شامل مرکزی عمارت سے متعلقہ تعمیراتی کام پایہ تکمیل تک پہنچ گئے ہیں، منصوبے کے فنشنگ اور تزئین و آرائش کے  کام تیزی سے جاری ہے، “آسان خدمت مرکز” منصوبے کے اطراف دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام مکمل کر لیا گیا، اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے کے ترقیاتی و  تزئین و آرائش کے کاموں کی پیشرفت اور اعلیٰ معیار پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ  تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے ساتھ ہی آسان خدمت مرکز کو منسٹری آف آئی ٹی اور متعلقہ محکموں کے حوالے کیا جائے،

منصوبے کے باقی ماندہ  کاموں کو جلد از جلد مکمل کرکے  عوام الناس کیلئے کھولا جائے،  “آسان خدمت مرکز” کے قیام سے اسلام آباد کے شہریوں کو کئی محکموں کی سینکڑوں سروسز و سہولیات کا حصول ایک ہی چھت تلے ممکن ہوگا،

“آسان خدمت مرکز” میں سی ڈی اے کی ون ونڈو فیلیٹیشن سینٹر کی تمام خدمات و سہولیات بھی فراہم کی جائیگی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ آسان خدمت مرکز منصوبے کی تکمیل میں کوالٹی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔