25 دسمبر کرسمس ڈے کے موقع پر ریسکیو 1122 ملتان کی جانب سے ایمرجنسی کور پلان کے تحت ہائی الرٹ

16

ملتان 25 دسمبر )اے پی پی):25 دسمبر کرسمس ڈے کے موقع پر ریسکیو 1122 ملتان کی جانب سے ایمرجنسی کور پلان کے تحت ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر حسین میاں کے مطابق کرسمس ڈے کے پیش نظر ضلع ملتان میں جامع حفاظتی انتظامات مکمل کئے گئے ہیں۔

ایمرجنسی کور پلان کے تحت 50 سے زائد ریسکیو اہلکار، 4 فائر ٹینڈرز، 5 ایمبولینسز، 13 موٹر بائیک ایمبولینسز اور ایک اسپیشل وہیکل تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے بتایا کہ ان کی ہدایات پر تمام اسٹاف ایمرجنسی کور پلان کے مطابق اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہا ہے، جبکہ کرسمس ڈے کے موقع پر ایمرجنسی کور پلان کی براہ راست نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موٹر بائیک ایمبولینس سروس کے اہلکاروں کو خصوصی پوسٹوں پر الرٹ رکھا گیا ہے، جو بروقت ایمرجنسی سروس کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ ضلع بھر کے تمام چرچز پر ریسکیو 1122 کی خصوصی پوسٹیں قائم کی گئی ہیں تاکہ عبادات اور تقریبات کے دوران مکمل حفاظتی انتظامات موجود ہوں۔

ڈاکٹر حسین میاں نے واضح کیا کہ ایمرجنسی رسپانس میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔