لاہور، 21 دسمبر (اے پی پی:(وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں جاری کرسمس کی بارہ روزہ تقریبات کے آٹھویں روز کا آغاز کرسمس انٹرفیتھ سائیکلنگ ہیریٹیج رائیڈ کے شاندار انعقاد سے ہوا۔ اس منفرد اور علامتی تقریب میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
صوبائی وزیر نے رائیڈ کا باقاعدہ افتتاح ربن کاٹ کر کیا اور خود سائیکل چلا کر ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں، جن میں مسیحی، ہندو، مسلم، سکھ اور دیگر برادریوں کے افراد شامل تھے، نے بھرپور شرکت کی۔
انٹرفیتھ سائیکلنگ ہیریٹیج رائیڈ نولکھا چرچ سے شروع ہو کر اندرونِ لاہور کے مختلف تاریخی مقامات تک پہنچی۔ اس رائیڈ کا مقصد لاہور کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کے پیغام کو فروغ دینا تھا۔ تقریب کا انعقاد ہیومن رائٹس اینڈ مائنارٹیز افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے کیا گیا۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ آج لاہور کے قلب میں تمام مذاہب کے ماننے والے ایک ساتھ موجود ہیں، جو اس پاکستان کی حقیقی تصویر ہے جس کا خواب ہمارے اکابرین نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے پیروکار امن، بھائی چارے اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کرسمس تقریبات کا آٹھواں دن مثالی انٹرفیتھ ہم آہنگی کے ساتھ شروع ہوا اور یہ سائیکلنگ رائیڈ بین المذاہب امن کی ایک خوبصورت علامت بن چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار کرسمس تقریبات کے آغاز پر مال روڈ پر آٹھ کلومیٹر طویل ریلی نکالی گئی، جس کے ذریعے دنیا نے پاکستان کا ایک مثبت اور پُرامن چہرہ دیکھا۔
سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ کرسمس خوشی، محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے اور پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا وطن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں اقلیتوں کے حقوق کا عملی تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے اور پاکستان میں اقلیتیں مکمل طور پر محفوظ ہیں، جو اپنی مذہبی رسومات اور تہوار آزادی اور وقار کے ساتھ منا رہی ہیں۔ بارہ روزہ کرسمس تقریبات کے ذریعے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں کرسمس کس طرح امن اور خوشیوں کے ساتھ منایا جاتا ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ 22 دسمبر کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کرسمس کی مرکزی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کرسمس کا کیک کاٹیں گی۔











