ملتان،17دسمبر(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سبزیوں، پھلوں سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تفصیلی اور تقابلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مصنوعی مہنگائی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف دینا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر عامر کریم خان نےاجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ کارروائی محض کاغذی نہ ہو بلکہ مؤثر، نظر آنے والی اور نتیجہ خیز ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجسٹریٹس کو مارکیٹ میں پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ فیلڈ میں کسی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔اجلاس میں اینٹی انکروچمنٹ مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے، پیرا فورس کو اینٹی انکروچمنٹ آپریشن میں مؤثر کردار ادا کرنے اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سڑکوں پر غیر منظم تعمیراتی میٹیریل رکھنے والوں کے خلاف کارروائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں میٹیریل ضبط کیا جائے گا۔کمشنر عامر کریم خان نے ریڑھی بازار میں منتقل ہونے والی ریڑھیوں پر نام، ریڑھی نمبر اور کاروبار واضح طور پر درج کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پینا فلیکس کے استعمال سے گریز اور معلومات پینٹ کے ذریعے درج کرنے کی ہدایت جاری کی۔ اجلاس میں قبرستانوں کی صفائی، مویشی منڈیوں کے باقاعدہ معائنے اور اوور چارجنگ کے خلاف سخت کارروائی پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اجلاس کے دوران ٹریفک سگنلز کی بہتری، عوامی مقامات پر واش رومز کی صورتحال اور پورے ڈویژن میں پبلک واش رومز کے لیے یکساں ڈیزائن اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خان نے ڈرائیونگ لائسنس اور ہیلمٹ مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔کمشنر نے اجلاس میں آوارہ کتوں اور مین ہول کورز کے مسائل کے مستقل حل، مادرِ علمی سے رابطے اور ون اسٹوڈنٹ ون چائلڈ پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ گوشت، مرغی اور مچھلی کے لیے کورڈ میٹ مارکیٹ کے قیام کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک تھے۔











